سینٹ پیٹرزبرگ( نیٹ نیوز )روسی صدر ولادیمیر پوتن نے دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افریقی ممالک کا اربوں ڈالر کا قرضہ معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹ پیٹرزبرگ میں روس افریقہ فورم کے تحت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس سے خطاب میں روسی صدر نے افریقی ممالک پر واجب الادا 20 ارب ڈالر سے زیادہ کے تاریخی قرضے کو معاف کر دیا ہے۔
اس موقع پر ولادیمیر پوتن کا کہنا تھا کہ براعظم افریقہ کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کے لیے مزید فنڈز بھی مہیا کیے جائیں گے۔روسی صدر نے ماسکو اور افریقہ کے درمیان تاریخی تجارتی اور مالیاتی روابط کو مد نظر رکھتے ہوئے کہا کہ افریقی ملکوں کو جو قرضہ معاف کیا گیا ہے اس کی مالیت 23 ارب ڈالر ہے جب کہ اس مقصد کے لیے 90 ملین ڈالر مزید مختص کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔پوتن نے خطاب میں افریقی ممالک کو مزشی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ براعظم افریقہ کے پسماندہ ممالک کو مفت اناج بھی فراہم کیا جائے گا۔ماسکو اناج بھیجنے کے اخراجات بھی خود اٹھائے گا جب کہ برکینا فاسو، زمبابوے، مالی، صومالی، وسطی افریقی جمہوریہ، اور اریٹیریا کو 25 سے 50 ہزار ٹن کے درمیان اناج مہیا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کچھ مہینوں قبل پوتن نے کہا تھا کہ روس افریقی کانٹینینٹل فری ٹریڈ ایریا (AfCFTA) کے قیام کے عمل میں دلچسپی رکھتا ہے، انھوں نے روس اور افریقی ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ پر بھی زود دیا تھا۔