اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )اگلے ماہ موجودہ حکومت کی مدت کے خاتمے کے بعد نگراں وزیراعظم کا تقرری کے حوالے سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان مشاورت کا عمل شروع ہوگیا۔اس سلسلے میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے وفود کے درمیان رابطوں کا آغاز ہوگیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف اور ایازصادق نے پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات کی، پیپلز پارٹی کی جانب سے راجہ پرویز اشرف، نوید قمر اور خورشید شاہ موجود تھے۔دونوں وفود کی ملاقات میں نگران وزیراعظم کے لیے سیاسی شخصیت کو ذمہ داری سونپے جانے پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن میں ابتدائی طور پر5ناموں پر اتفاق کیا گیا، زیر غور آنے والے ناموں میں اسحاق ڈار کا نام شامل نہیں ہے۔
وفود کی ملاقات میں پانچوں نام دیگر اتحادیوں کے ساتھ شیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ذرائع کےمطابق
اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے بعد سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ نگران وزیراعظم کیلئے مشاورت کا اگلا دور دس محرم کے بعد کیا جائے گا۔