سرینگر(نمائندہ خصوصی)بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں ’جموں کشمیر لبریشن فرنٹ‘ نے کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیریوں سے پیل کی ہے کہ وہ اگست 2019ء کے غیرقانونی بھارتی اقدامات اور محمد یاسین ملک کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے خلاف 5 اگست کو مشترکہ احتجاج کریں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لبریشن فرنٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کیطرف سے 5 اگست کو لندن میں مشترکہ احتجاجی ریلی نکالنے کی کال کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک اچھا اقدام قرار دیا۔ بیان میں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں اس روز مکمل ہڑتال کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو ایک جھوٹے مقدمے میں عمرقید کی سزا سنانے کے بعد انہیں سزائے موت دینے پر تلی ہوا ہے۔تنظیم نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ محمد یاسین کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔