واشنگٹن(نیوز ڈیسک ) امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے سینیٹر ٹوڈ ینگ، چیئرمین آرمڈ سروسز کمیٹی کانگریس مین مائیک راجرز اور کانگریس پروگریسو کاکس کی نائب صدر کانگریس وومن الہان عمر سے ملاقات کی اور پاک امریکہ تعلقات، دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت داری، دفاعی تعلقات اور سیکیورٹی تعاون، ماحولیاتی تبدیلی اور علاقائی پیشرفت کے حوالے سے بات چیت کی۔
سینیٹر ٹوڈ ینگ اس وقت امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے خزانہ ، خارجہ تعلقات؛ کامرس، سائنس اور ٹرانسپورٹیشن؛ اور چھوٹے کاروبار اور انٹرپرینیورشپ میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ملاقات کے بعد سفیر پاکستان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ انڈیانا کے ایک عظیم رہنما سینیٹر ٹوڈ ینگ سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔مسعود خان نے چیئرمین آرمڈ سروسز کمیٹی کانگریس مین مائیک راجرز سے بھی ملاقات کی اور علاقائی صورتحال، دفاعی تعلقات اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں ، پاکستانی سفیر نے رکن کانگریس الہان عمر سے ملاقات کے بعد اپنے ٹویٹ کیا کہ انہیں الہان عمر سے مل کر خوشی ہوئی اور انہوں نے پاک امریکہ تعلقات، خطے میں ہونے والی پیشرفت اور موسمیاتی موافقت اور تخفیف پر بات کی۔ انہوں نے انسانی سلامتی کو فروغ دینے پر کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر کے کام کو سراہا۔نمائندہ الہان عمر ہاؤس بجٹ کمیٹی کے نائب رینکنگ ممبر ہیں۔ وہ ہاؤس ایجوکیشن اینڈ ورک فورس کمیٹی میں بھی کام کرتی ہیں، جہاں وہ ورک فورس پروٹیکشنز کی ذیلی کمیٹی اور ہیلتھ، ایمپلائمنٹ، لیبر، پنشن کی ذیلی کمیٹی کی رکن ہیں۔ وہ کانگریشنل پروگریسو کاکس کی ڈپٹی چیئر اور میڈیکیئر فار آل کاکس کی وائس چیئر ہیں۔