اسلام آباد( کرائم رپورٹر )
ساہیوال سے مسلم لیگ ق کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی و ضلعی جنرل سیکرٹری کو اسلام آباد کی ایک نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا،ذرائع کے مطابق ان کو
اسلام آباد کی نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں چوتھی منزل سے نیچے پھینکا گیا اور پولیس نے فٹ پاتھ سے انکی نعش قبضہ میں لی، پولیس نے انکے ساتھ تین مقیم افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ میت کو پولی کلینک اسلام آباد میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا،اطلاع ملتے ہی پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک تھانے پہنچ گئے اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو بھی اس واقعہ سے آگاہ کیااور میرٙٹ پر تفشیش کرنے کا مطالبہ کیا،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس میں انصاف یقینی بنایا جائے گا۔پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے واقعہ پر دلی افسوس اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین اس حوالے سے مسلم لیگی راہنماوں اور لواحقین سے رابطے میں رہے،میاں اللہ یار مسلم لیگ علماء مشائخ ونگ کے پنجاب کے صدر رہے اور انہوں نے پسماندگان میں والدہ، بیوہ اور تین بچے چھوڑے ہیں_مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک نے میڈیا سے کہا کہ قتل کی تحقیقات میں انصاف کو یقینی بنایا جائے گا،ہمیں امید ہے حادثہ کی شفاف تحقیقات کرکے ملزموں کو قرار واقعی سزا ملے گی،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ایک محنتی اور مخلص راہنماء سے محروم ہوئی ہے جنہوں نے ہمیشہ پارٹی سے وفاداری نبھائی اور مسلم لیگ کو فعال اور متحرک بنانے کے لیے کلیدی کردار ادا کیا،مسلم لیگی قیادت انکے غم میں برابر کی شریک ہے، اور انکی پارٹی کے لیے جدوجہد کو عقیدت کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انکی کمی ہمیں ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔