اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے موسمِ خزاں میں عام انتخابات کےلئے سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وائس آف امریکہ کے کو دیے گئے انٹرویو میں خرم دستگیر نے کہا کہ الیکشن کی حد تک بہت پر امید ہوں کہ اب جبکہ وسائل بھی مہیا ہیں، تحفظ بھی موجود ہے اور ہم سب چاہتے ہیں کہ عوام سے رجوع کیا جائے تو موسم خزاں میں انتخابات ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربے کو دیکھتے ہوئے انتخابی اصلاحات کی گئی ہیں اور اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے وہ انتخابات کو شفاف بنائے۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ موجودہ چیف جسٹس کی مسلم لیگ (ن )کے حوالے سے جانبداری کے بارے میں صرف قیاس نہیں بلکہ واضح نمونے موجود ہیں اور جب تک وہ عہدے پر موجودہ ہیں مشکل ہے کہ نواز شریف کو انصاف مل سکے۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے کوئی سیاسی رکاوٹ باقی نہیں البتہ عدالتی مقدمات ہیں۔