ممبئی( نیٹ نیوز )
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بھارتی آئین کی دفعہ 370جس کے تحت مقبوضہ جموں وکشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی کی منسوخی کے بعد مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کانشانہ بنایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ادھو ٹھاکرے نے ممبئی میں ایک میڈیا انٹرویو میں مقبوضہ علاقے کی موجودہ سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگست2019میں مودی حکومت کے اس یکطرفہ اقدام کے بعد اب بھی مقبوضہ علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات جاری ہیں، انتخابات منعقد نہیں کرائے جارہے ، جموں و کشمیر کو لداخ اور لہہ سمیت ٹکروں میں تقسیم کردیاگیا ہے اور کشمیری پنڈتوں کا وادی کشمیرواپس جانا ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ جموں اورکشمیرکوٹکروں میں تقسیم کرنے کے بعد بھی مقبوضہ علاقے میں الیکشن کیوں نہیں کرائے جارہے ہیں؟ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کو اپنے سیاسی فائدے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔