چھنگ ڈو (شِنہوا) 31 ویں ایف آئی ایس یو ورلڈ یونیورسٹی گیمز چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچھوان کے دارالحکومت چھنگ ڈو میں جمعہ سے شروع ہورہے ہیں۔ یہ کھیل نوول کرونا وائرس کے سبب 2 مرتبہ ملتوی کئے گئے۔
چین کا شہر چھنگ ڈو ان کھیلوں کا انعقاد کرنے والا تیسرا شہر ہے ۔اس سے قبل ان کھیلوں کا بیجنگ میں 2001 اور شین ژین میں 2011 میں انعقاد ہوچکاہے۔ یہ کھیل 2 سال میں ایک بار منعقد کئے جاتے ہیں۔
یونیورسٹی کھیل 28 جولائی سے 8 اگست تک منعقد ہوں گے جس کے دوران 18 کھیلوں کے 269 ایونٹس ہوں گے ۔ ان میں 15 کھیل لازمی اور 3 اختیاری کھیل، کشتی رانی ، نشانہ بازی اور ووشو شامل ہیں۔
چھنگ ڈو یونیورسٹی کھیلوں میں چین کا دستہ 700 سے زائد ارکان پر مشتمل ہے جس میں ملک بھر کی 100 سے زائد جامعات کے 411 کھلاڑی شامل ہیں جو تمام کھیلوں میں حصہ لیں گے۔
وبائی مرض کے اثرات میں کمی اور طلباء کی شرکت یقینی بنانے کے لئے ایف آئی ایس یو نے شرکاء کی عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 25 سے بڑھا کر 27 کردی ہے۔
اس کے علاوہ ضابطہ کار میں بھی نر می کی گئی ہے جس کے تحت موجودہ طلباء اور ایک سال کے اندر گریجویشن کرنے والے طلبہ بھی شرکت کے اہل ہوگئے ہیں ۔ اس سے 2020، 2021 اور 2022 میں گریجویشن کرنے والے طلباء فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
چھنگ ڈو نے 49 مقامات اور مراکز کی تعمیر کے ساتھ تزئین و آرائش اور توسیع مکمل کی ہے جہاں اعلیٰ درجے کا بنیادی ڈھانچہ اور خدمات میسر ہیں۔
افتتاحی تقریب جمعہ کی شام ڈونگ آن لیک اسپورٹس پارک میں منعقد ہوگی۔
چھنگ ڈو کو بڑے پانڈا کا آبائی شہر بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا ایک سلسلہ بھی جاری ہے جس میں بڑے پانڈا اور سیچھوان اوپرا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔