اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )حکومت نگران حکومت کے اختیارات کے معاملے پر اتحادیوں کو راضی کرنے میں کامیاب ہوگئی۔نگران حکومت اور نگران وزیراعظم کے اختیارات کے معاملے پر انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا جس میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ، سینیٹرتاج حیدر، بیرسٹر علی ظفر اور دیگر شریک ہوئے جبکہ وزیر قانون نے اتحادیوں اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماﺅں کو بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس میں آرٹیکل 230سے متعلق ترامیم پر بات چیت کی گئی اور نگران حکومت کے اضافی اختیارات کو لے کر اتحادیوں کو تحفظات کو دور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے الیکشن ایکٹ کی شق میں ترمیم سے نگران حکومت کو غیر معمولی اختیارات دینے پر اتحادیوں کو راضی کرلیا ۔ذرائع کے مطابق ترمیم کے تحت نگران حکومت کے پاس جاری معاہدوں کے حوالے سے تمام اختیارات ہوں گے، نگران حکومت بین الاقوامی معاہدے کرسکے گی اور مالیاتی اداروں سے بھی معاہدے کرسکے گی تاہم نگران حکومت کے پاس نئے معاہدے کرنے کا اختیار نہیں ہوگا۔ذرائع کے مطابق نگران حکومت کے پاس دو فریقی اور سہ فریقی معاہدوں کا اختیار بھی ہوگا۔ذرائع کے مطابق اتحادیوں کو منانے کے بعد حکومت نے نگران حکومت کے اختیارات سے متعلق شق 230بل سے نہ نکا لنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔