اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے افواج پاکستان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہمنا شہباز گل کو اشتہاری قرار دے دیا ۔ بدھ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شہباز گل کے خلاف افواج پاکستان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے مسلسل عدم حاضری پر شہباز گل کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ شہباز گل کی جائیداد ضبطگی کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ایف آئی اے اور نادرا کی جانب سے شہباز گل کی جائیدادوں کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی ہے۔ دوران سماعت عدالت نے شہباز گل کی 2 درخواستیں مسترد کردیں۔ شہباز گل کی جانب سے کیس کی کارروائی روکنے اور بذریعہ ویڈیو لنک حاضری لگانے کی درخواست کی گئی تھی۔ شہباز گل نے بیماری کی وجہ سے ویڈیو لنک حاضری کی درخواست کی تھی۔ عدالت نے دونوں درخواستیں مسترد کردیں۔عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ ملزم کے خلاف اشتہاری کی کارروائی تب ہی منسوخ ہوتی ہے، جب ملزم ذاتی طور پر عدالت پیش ہو۔ شہبازگِل 4 ہفتوں کا بتا کر ملک سے روانہ ہوئےتھے۔ شہبازگِل نے چالاکیوں سے کام لینا شروع کردیاہے۔ شہبازگِل کو ملک سے بھگا دیاگیاہے۔وکیل صفائی نے دوران سماعت عدالت سے کہا کہ شہبازگِل بیماری کی وجہ سے باہر گئے ہیں، بھاگے نہیں۔بعد ازاں عادلت نے کیس کی سماعت 31 اگست تک ملتوی کردی۔