لاہور(بیورو رپورٹ )
عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کی تیاریاں، 200 ادویات مہنگی کرنے کی سمری تیار، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظوری کیلئے حکومت کو بھجوا دی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں ضروری دواں کی عدم دستیابی کے معاملے پر پیشرفت ہوئی ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عدم دستیاب دواں کی ترجیحی بنیادوں پر رجسٹریشن کی جائے گی اور 200 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔
ماہرین امراض قلب کے مطابق ملک بھر میں اس وقت کئی ضروری اور جان بچانے والی دوائیں دستیاب نہیں،ملک میں اس وقت انجیوگرافی میں استعمال ہونے والی ڈائی کی بھی قلت ہے۔ ماہرین کے مطابق اصلی دواں کی عدم موجودگی کے باعث جعلی اوراسمگلڈ دوائیں سپلائی کی جارہی ہیں،دماغی اوراعصابی نظام کے علاج کی کئی ضروری دوائیں بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔
دوسری جانب ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کی طرف سے غیر رجسٹرڈ ہونے پر معطل دوائیں مارکیٹ سے واپس نہ اٹھانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ آڈٹ رپورٹ نے ڈریپ کی سنگین غفلت کا بھانڈا پھوڑ تے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ڈریپ کی غفلت کے باعث عوام کی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے۔رپورٹ کے مطابق سر درد، سوجن، پٹھوں کے درد کی کچھ دوائوں کو معطل کیا گیا تھا، تاہم ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کی طرف سے غیر رجسٹرڈ ہونے پر معطل کی گئی دوائیں مارکیٹ سے واپس نہیں اٹھائی گئیں، دوائیں تاحال مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔
آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈریپ کا اسٹاک واپس نہ لینا لوگوں کی جانوں سے کھیلنا ہے، آڈٹ نے ذمہ دار افراد کے خلاف انکوائری کی ہدایت کی ہے، اور کہا ہے کہ ڈریپ رجسٹریشن بورڈ نے خود ان دواں کو معطل کر رکھا تھا۔