گلگت(نمائندہخصوصی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عملی زندگی میں کامیابی کیلئے درست فیصلہ سازی لازمی ہے جو تعلیم کے بغیر ممکن نہیں، دنیا کی جدید تحقیق نے ثابت کیا بچوں کی تعلیم پورے خاندان کیلئے لازمی ہے، حکومت گلگت بلتستان نے سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کو درپیش سفری مشکلات کو کم کرنے کیلئے انقلابی منصوبہ شروع کیا ہے،امید ہے حکومت گلگت بلتستان چند سالوں میں ہر بچے کی تعلیم کو یقینی بنائیگی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منگل کو سکردو گرلز ہائی سکول قائد آباد میں سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم طالب علموں کیلئے ٹرانسپورٹیشن وظیفے کی فراہمی کیلئے شروع کئے جانے والے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا، اس موقع پر صدر مملکت نے بچوں اور بچیوں میں رقم کے چیکس تقسیم کئے۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان نے سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کو درپیش سفری مشکلات کو کم کرنے کیلئے انقلابی منصوبہ شروع کیا ہے۔ عملی زندگی میں کامیابی کیلئے درست فیصلہ سازی لازمی ہے جو تعلیم کے بغیر ممکن نہیں، دنیا کی جدید تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ بچوں کی تعلیم پورے خاندان کیلئے لازمی ہے، پاکستان میں تعلیم پر توجہ نہ دینے اور وسائل فراہم نہ کرنے کے بے پناہ نقصانات ہوئے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ حکومت گلگت بلتستان چند سالوں میں ہر بچے کی تعلیم کو یقینی بنائے گی۔ سکولوں میں بچوں کی تعلیم کے ساتھ تربیت پر بھی توجہ دی جائے تاکہ پوری دنیا میں گلگت بلتستان اور پاکستان کامنفرد مقام برقرار رہے۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق گرلز ہائی سکول قائد آباد کو ہایئر سیکنڈری کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچے اور بچیوں میں درپیش سفری مشکلات کے حل کیلئے ٹرانسپورٹیشن وظیفے کا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت دو کلو میٹر دور سے سکول آنے والے بچے اور بچیوں کو یہ وظیفہ دیا جائے گا۔ آئندہ مالی سال میں اس منصوبے کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ بنیادی تعلیم کا حصول ہر بچے کیلئے ممکن بنایا جاسکے۔ دیامر، گانچھے اور دیگر دور دراز علاقوں میں وسائل نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو حصول تعلیم میں مشکلات کا سامنا ہے، حکومت گلگت بلتستان پرعزم ہے کہ ہر بچے کو تعلیم کا حصول ممکن بنائے گی جس کیلئے بچوں کو درپیش مشکلات دور کئے جارہے ہیں۔ ٹرانسپورٹیشن وظیفے کی فراہمی سے سکولوں میں ڈارپ آٹ کی شرح میں کمی آئے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مستحق افراد کی مدد کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ پبلک سروس ڈیلوری کو بہتر بنانے کیلئے صوبائی سوشل رجسٹری کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت تمام افراد کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جائے گا اور روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا اپ ڈیٹ ہوگا۔ اس سلسلے میں سونی جواری سنٹر فار پبلک پالیسی کی جانب سے سوشل پروٹیکیشن پالیسی تیار کی گئی ہے۔واضح رہے کہ تعلیم کے فروغ کیلئے وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کے اس خصوصی اقدام سے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم 20000 سے زائد طلبا و طالبات استفادہ کریں گے۔ سرکاری سکولوں کے ششم تادہم کلاسز میں زیر تعلیم طلبا کو 1000 روپے ماہانہ اور طالبات کو 1200 روپے ماہانہ سکول ٹرانسپورٹیشن وظیفے کی مد میں دیئے جائیں گے۔ اس مرحلے میں اس اقدام پر 20 کروڑ سے زائد رقم خرچ ہوگی۔