اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) صدر مملکت عارف علوی ے کہاہے کہ ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط فروغ دینے کی ضرورت ہے،پاکستان اور ایتھوپیا کے کاروباری افراد کے مابین رابطوں کو آسان اور بہتر بنایا جائے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایتھوپیا میں پاکستان کے نامزد سفیر میاں عاطف شریف نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی ۔ صدر مملکت نے کہاکہ ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور ایتھوپیا کے کاروباری افراد کے مابین رابطوں کو آسان اور بہتر بنایا جائے۔ عارف علوی نے کہاکہ نامزد سفیر پاکستانی مصنوعات کی برآمد ، دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے کیلئے کام کریں۔صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان ،ایتھوپیا تعلقات مشترکہ تاریخ، مفادات اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی حمایت پر مبنی ہیں۔ عارف علوی نے کہاکہ دوطرفہ تجارتی حجم بڑھا کر دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے ایتھوپیا کے ساتھ تعلیم کے شعبے میں تعاون اور عوامی روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔انہوںنے کہاکہ ایتھوپیا کے طلباءاپنی مہارتوں کو بڑھانے کیلئے ورچوئل یونیورسٹی ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے آن لائن/ویڈیو تعلیمی مواد سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں ایتھوپیا کے نوجوان سفارت کاروں کی تربیت ، بینکنگ کورسز سے ایتھوپیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔صدر مملکت نے دنیا میں اسلامو فوبیا کے تدارک ، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ۔