کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرہائوس میں FPCCI کے ایکسپورٹ ایوارڈ کی تقریب کا انعقادہوا ۔ تقریب میں گورنرخیبر پختونخواہ حاجی غلام علی، گورنربلو چستان عبد الولی کاکڑ،FPCCI کے صدر عرفان اقبال شیخ ،سابقہ صدر میاں انجم نثار اورسلیمان چائولہ بھی شریک تھے۔ 46ویں ایف پی سی سی آئی ایکسپورٹ ایوارڈ کی تقریب میں وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان کی جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو انسپائریشنل لیڈر شپ ایوارڈ دیا گیا۔انہیں یہ ایواڈ کاروباری برادری اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان بہتر روابط کے فروغ کی کوششوں پر دیا گیا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ آج میں بحیثیت گورنرسندھ اپنی بزنس کمیونٹی میں موجود ہوں، عرصہ دراز سے FPCCI اور دیگر کاروباری تنظیموں کے ساتھ منسلک رہاہوں، تقریب میں تمام ایکسپورٹ ایوارڈ ونرز کو مبارک دیتا ہوں آپ دوسروں کے لئے مشعل راہ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ پاکستانی قوم بے شمار صلاحیتوں کی مالک ہے،شدید مشکلات کے باوجود آج ہر ایک ملکی برآمدات میں اضافہ کے لئے متحرک ہے اس ضمن میں صنعتی ترقی غربت کے خاتمہ میں انتہائی کلیدی کردار ادا کررہی ہے ۔گورنرسندھ نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے اعلی تعلیم یافتہ افرادی قوت انتہائی پرکشش ہوتی ہے ، شکرالحمد اللہ پاکستان میں افرادی قوت کثیر تعداد میں دستیاب ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں ملک بھر سے لوگ روزگار کی تلاش میں آرہے ہیں اس لئے میری اولین ترجیح معاشی استحکام، ترقی ، صنعت و تجارت میں اضافہ کو مزید تقویت فراہم کرنا ہے کیونکہ آبادی کے بڑھتے ہوئے دبائو کے باعث بعض مسائل کا سامنا ہے جبکہ موجودہ حکومت بھی تمام مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں FPCCI صنعت و تجارت کی سپریم تنظیم ہے،اس پلیٹ فارم کو کامیاب بزنس مینوں ، تاجروں اور صنعتکاروں کی بھرپور معاونت بھی حاصل ہے ،یہ کامیاب افراد اندرون ملک اور بیرونی دنیا میں بہترین انداز میں کاروبار چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنرہائوس تمام شعبہ ہائے زندگی کے لئے ہمہ وقت اپنے تمام تر وسائل سمیت حاضر ہے،جس کا بھی کوئی مسئلہ ہے آپ تشریف لائیں انشا اللہ گورنرہائوس سندھ سے آپ کو کبھی مایوسی نہیں ہوگی ۔