سرینگر( نمائندہ خصوصی)بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں لوگ قابض بھارتی فورسز کی طر ف سے بڑے پیمانے پر جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کیوجہ سے مسلسل خوف و دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔
سری نگر ، کپواڑہ ، بارہمولہ ، گاندربل ، بانڈی پور ، اسلام آباد ، شوپیاں ، پلوامہ ، کولگام ، پونچھ ، راجوری ، سانبہ اور کٹھوعہ کے اضلاع میں قابض بھارتی فوجیوں ، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی کا بلاجواز سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں اور وہ خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز اہلکاروں نے انکی زندگی جہنم بنا دی ہے ، وہ گھروں میں گھس کر مکینوں کو ہراساں کرتے ہیں اور قیمتی گھریلو اشیاء کی توڑپھوڑ کرتے ہیں۔
دریں اثناء سفاک بھارتی فوجیوں اور پولیس نے ایک ہفتے کے دوران پرتشدد کارروائیوں کے دوران کم از کم 9 افراد کو شہید اور درجنوں کو جعلی الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے۔ گرفتار کیے گئے افراد میں سے متعدد کے خلاف کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔