سرینگر(نمائندہ خصوصی ) غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر میں مزید دو امرناتھ یاتریوں کی موت ہو گئی ہے جس سے رواں سال ہلاک ہونے والے امریاتھ یاتریوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ دونوں یاتریوں کی شناخت فاتح لال مناریا اور منگی لال کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق راجستھان سے ہے۔انہوں نے کہاکہ فاتح لال مناریا کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی جبکہ منگی لال کی موت کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔ ان دو اموات سے رواں سال اب تک مرنے والے یاتریوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔ 62 روزہ سالانہ امرناتھ یاترا یکم جولائی کوضلع اسلام آباد کے پہلگام اور ضلع گاندربل کے علاقے بال تل کے دو راستوں سے شروع ہوئی تھی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔