سرینگر(نمائندہ خصوصی) غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر کے کئی اضلاع میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے تمام اضلاع میں بڑے پیمانے پر بارش ہوئی جس کی وجہ سے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات پیش آئے ۔جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں اور سرینگر کے مضافاتی علاقے فقیر گجری میں سیلابی صورتحال کی اطلاعات ہیں۔دریں اثناء لداخ میں بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس سے علاقے میں معمولاتِ زندگی درہم برہم ہوگئے تاہم حکام نے بتایا کہ کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بادل پھٹنے سے جمعہ کی رات دیر گئے لہہ کے علاقے گنگلس میں سیلاب آیا اور لہہ شہر کے کئی علاقے زیرآب آ گئے۔حکام نے بتایاکہ نشیبی علاقوں میں کئی عمارتوں میں سیلاب کا ملبہ داخل ہوا جس سے ان کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہاکہ گنگلس علاقے میں کچھ دکانوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ جوکھنگ وہارا علاقے میں کافی ملبہ پڑا ہے۔