کراچی(نمائندہ خصوصی)
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان کے اراکین کی سلور جوبلی تقریب میں شرکت کی۔ گورنرسندھ نے سلور جوبلی پر اراکین کو مبارک باد بھی دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ قومی ترقی میں ادارہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے،اس ادارہ کے فارغ التحصیل پروفیشنلز دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام بھی روشن کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری معیشت میں چارٹرڈ اکانٹنٹس اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالیاتی ماہرین کے باعث شفافیت اور جوابدہی پاکستان کی پائیدار ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔گورنرسندھ نے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ مزید ذمہ داری ، انصاف اور اخلاقی طرز عمل کے عزم کا مظاہرہ کریں کیونکہ پیشہ ورانہ مہارت میں آپ معاشرہ کا رول ماڈل ہیں،بالخصوص آئند ہ نسل کے لئے آپ کی رہنمائی انتہائی اہم ثابت ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کے اساتذہ کی مسلسل کاوشیں ، تعلیم و تربیت اور تحقیق میں اہم کردار ہے ۔