سرینگر( نمائندہ خصوصی)بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ”نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے )“ نے بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں کشمیر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے جسکا مقصد کشمیریوں کو جاری تحریکِ آزادی سے وابستگی پر انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ”این آئی اے“ کی ٹیمیں بھارتی فوجیوں ، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ پلوامہ، اونتی پورہ، شوپیاں، اسلام آباد، سوپور، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے وقتاً فوقتاً گھر گھر چھاپے مار اور تلاشی لے رہی ہیں۔ ان علاقوں کے مکینوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ این آئی اے اور بھارتی فورسز اہلکاروں کی ان کارروائیوں سے خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے اور لوگ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔