اسلام آباد /لاہور(نمائندہ خصوصی )یونان کشتی حادثے میں جاں بحق 15 پاکستانیوں کی ڈی این سے تصدیق کے بعد میتوں کی پاکستان منتقلی کا عمل شروع ہو گیا ہے، پہلے مرحلے میں 3 پاکستانیوں کی میتیں یونان سے قطر ایئر ویز کے ذریعے لاہور پہنچائی گئی ہیں جن 3 افراد کی میتیں واپس پہنچیں ان میں ایک کا تعلق گوجرانوالہ اور دو گجرات کے رہائشی ہیں۔یونان سے پاکستان پہنچنے والی تینوں میتیں لاہور ایئرپورٹ پر ان کے ورثاءکے حوالے کی گئیں جہاں سے ناصر کی میت آبائی شہر گوجرانوالہ پہنچائی گئی ،سفیان اور عباس کی میتیں گجرات میں ان کے گھروں میں پہنچیں۔ تینوں افراد کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستانوں میں سپرد خاک کیا گیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق 22 جولائی کو یونان سے 6 مزید میتیں پاکستان لائی جائیں گی۔