اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم شہباز شریف نے عام انتخابات اور نگران سیٹ اپ پر مشاورت کیلئے مسلم لیگ ن کی 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر ترین رہنماوں پر مشتمل کمیٹی کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا، کمیٹی میں سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، احسن اقبال اور اسحاق ڈار شامل ہیں، کمیٹی پیپلز پارٹی، جے یو آئی ف، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادیوں سے مذاکرات کرے گی۔وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کو بھی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کر دی، مسلم لیگ ن کی مذاکراتی کمیٹی براہ راست نواز شریف سے رابطے میں رہے گی۔مسلم لیگ ن کی کمیٹی پی ڈی ایم اور اتحادیوں سے دو اہم معاملات پر بات کرے گی، کمیٹیوں کے مابین موجودہ قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ اور نگران وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت ہوگی۔