اتراکھنڈ(نیوز ڈیسک)
بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں پولیس نے ایک تاجر کو قتل کرنے کے جرم میں خاتون سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق منگل کے روز 30 سالہ تاجر انکت چوہان سڑک کنارے کھڑی کار سے مردہ حالت میں پائے گئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ انکت چوہان کو قتل کرنے کے سلسلے میں پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جس میں ایک خاتون ماہی عرف ڈولی آریہ بھی شامل ہے۔ماہی عرف ڈولی نے مبینہ طور پر اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے سپیرے رمیش ناتھ کو پیسے دے کر انکت چوہان کو قتل کروایا۔ تاجر اور ملزمہ کے درمیان قریبی تعلق تھا۔انکت چوہان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ انکت چوہان کی موت سانپ کے ڈسنے کی وجہ سے ہوئی جبکہ گرفتار ملزمان نے اسے کار حادثہ قرار دینے کی کوشش کی۔انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس نے رمیش ناتھ اور ملزمہ کا کال ریکارڈ چیک کیا تو دونوں میں رابطوں کا انکشاف ہوا۔ رمیش ناتھ کو اتر پردیش پولیس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔بتایا جا رہا ہے کہ رمیش ناتھ نے ماہی عرف ڈولی کے کہنے پر انکت چوہان کی کار میں سانپ چھوڑا جس نے تاجر کو ڈس لیا اور اس کی موت واقع ہوگئی۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید تفتیش شروع کر دی جس میں انکشافات متوقع ہیں کہ انہوں نے تاجر کو کیوں قتل کیا۔