سرینگر(نمائندہ خصوصی) بھارت کے غیرقانونی زیرِقبضہ جموں کشمیر میں انجمنِ اوقاف جامع مسجد سرینگر نے تنظیم کے سربراہ میرواعظ عمرفاروق کی گھر میں مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ دہرایا ہے۔
انجمنِ اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انتظامیہ نے میرواعظ کو آج مسلسل 204ویں جمعتہ المبارک کو نماز کی ادائیگی کیلئے جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی جو انتہائی افسوسناک ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ میرواعظ کی متواتر نظربندی انجمنِ اوقاف کے ساتھ ساتھ عوامی حلقوں کیلئے شدید فکر و تشویش کا باعث ہے۔ انجمن نے کہا کہ سرینگر شہر کے علاؤہ مقبوضہ وادی کے مختلف قصبوں اور دیہات سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نمازِ جمعہ پڑھنے کیلئے تاریخی جامع مسجد پہنچتی ہے لیکن میرواعظ کو وہاں نہ پاکر وہ رنجیدہ ہو جاتے ہیں۔انجمن نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ میرواعظ کشمیر کی غیر مشروط رہائی یقینی بنائی جائے تاکہ دینی ، سیاسی و معاشرتی سرگرمیاں انجام دے سکیں۔