کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنرہائوس میں سی ای او ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں مختلف اداروں کے سی ای اوز، بزنس لیڈرز ، پالیسی میکرز اور کاروباری شخصیات بھی موجودتھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ قومی معیشت اور انفرااسٹرکچر کی بحالی اور ترقی کے لئے انتھک محنت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزنس لیڈرز کی کامیابی کی کہانیوں کو ایک کتاب کی شکل میں جمع کرنا خوش آئند ہے ، یہ کتاب ہمارے ملک کی سول سوسائٹی اور قیادت کے لئے اہم ثابت ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پہچان دلانے کے لئے ہر طرح سے ان کی مدد کرنا ہوگی، آج یہاں موجود سی ای اوز اور کاروباری شخصیات نے ملک اور متعلقہ اداروں کا سر فخر سے بلند کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ9 مئی کے افسوسناک واقعات پر پوری قوم کا ردعمل مثالی تھا،قوم نے ثابت کیا کہ وہ قومی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہیں کہ ہم بحیثیت ایک کمیونٹی ترقی کرتے رہیں گے، مجھے حکومت اور کاروباری کے درمیان ایک پل کے طور پر کام کرنے سے خوشی محسوس ہوگی ۔