ریاض(نمائندہ خصوصی) سعودی عرب میں نئے ہجری سال کے آغاز کے ساتھ ہی سال 1445 ہجری کے عمرہ سیزن کا آغاز بھی ہوگیا۔ اس حوالے سے بیرون ملک سے آنے والے معتمرین کا استقبال کیا گیا۔ 1444 ہجری کے آخر ماہ ذو الحج میں حج آپریشن زور و شور سے جاری رہا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیرون ملکوں سے آنے والے ضیوف الرحمن کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے نظام کو فعال کرنے پر زور دیا تاکہ معتمرین کو آسان طریقے سے اور سہولت کے ساتھ عمرہ ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔سعودی وزارت حج و عمرہ نے بتابا کہ مملکت کے باہر سے آنے والے افراد عمرہ کر سکتے ہیں اور مسجد نبوی ﷺ کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔ سعودی عرب کے باہر سے لوگ نسک پلیٹ فارم کے ذریعہ سے الیکٹرانک ویزا جاری کرنے کی درخواست بھی دے سکتے ہیں۔ نسک ایپ دنیا کے مختلف حصوں سے مکہ مکرمہ آنے والے مسلمانوں کے طریقہ کار کو آسان بناتی ہے۔ المکہ المکرمہ اور المدینہ المنور، یں رہائش اور نقل و حمل کی خدمات کے حصول میں بھی نسک ایپ سے مدد ملتی ہے۔