لاہور (نمائندہ خصوصی )احتساب عدالت نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور انکے صاحبزادے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ مقدمے میں بری کردیا۔احتساب عدالت کے جج قمرالزمان نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے شہبازشریف، حمزہ شہباز اور نصرت شہباز سمیت دیگر ملزمان کی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں۔ تاہم عدم پیشی پر اشتہاری قرار دی گئی رابعہ عمران کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ریفرنس کی تحقیقات میں منی لانڈرنگ کا الزام ثابت نہیں ہو سکا، ملزمان پر 7 ارب روپے منی لانڈرنگ کا الزام تھا۔ریفرنس میں شہبازشریف، حمزہ شہباز ، سلمان شہباز ، رابعہ شہباز اور نصرت شہباز سمیت 16 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔شریف فیملی سمیت دیگر پر 7 ارب 32 کروڑ سے زائد کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام عائد تھا۔شہباز شریف پر 5ارب سے زائد منی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام تھا، جبکہ حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر 1 ایک ارب تک کے اثاثے اور منی لانڈرنگ کرنے کا الزام تھا۔