کراچی(نمائندہ خصوصی ) تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد چینی کی قیمت میں کمی آنے لگی، جوڑیا بازار میں 100 کلو چینی کی بوری 500 روپے سستی ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں چینی کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، تاہم اب اس کی قیمت میں کمی آنے لگی اور جوڑیا بازار میں 100 کلو چینی کی بوری 500 روپے سستی ہوگئی ہے۔چیئرمین پاکستان گروسرز ایسوسی ایشن نے اس حوالے سے کہا کہ 25 روز تک مسلسل قیمت بڑھنے کے بعد چینی کے دام کم ہو گئے ہیں، چینی 5 روپے فی کلو سستی ہوکر 135 روپے کلو ہوگئی ہے۔عبدالرﺅف ابراہیم کے مطابق 25دنوں کے دوران چینی کی فی کلو قیمت شوگر مافیا نے 25 روپے بڑھا دی تھی۔پاکستان گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے بتایا کہ چینی کی فی بوری کی قیمت 13500 روپے ہوگئی ہے، واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چینی کی قیمت 150 سے 160 روپے فی کلوگراہم تک پہنچ گئی تھی۔