کراچی(نمائندہ خصوصی) کے الیکٹرک کے لائسنس میں 6 ماہ کی عبوری توسیع کردی گئی، کے الیکٹرک نے لائسنس میں20 سال تجدید کی درخواست کی تھی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے کے الیکٹرک کے لائسنس میں 6ماہ کی عبوری توسیع کردی، کے الیکٹرک کے لائسنس کی20سالہ مدت آج ختم ہورہی ہے۔نیپرا نے فیصلے میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے لائسنس میں 6 ماہ توسیع کا عبوری ریلیف دیاگیا ہے، کے الیکٹرک نے لائسنس میں20 سال تجدید کی درخواست کی تھی۔عوامی سماعت کے بعد لائسنس کی تجدید سے متعلق تعین کیا جائے گا ، کے الیکٹرک پر اجارہ داری سے متعلق شق7کا اطلاق نہیں ہوگا۔یاد رہے کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا سے درخواست میں کہا گیا تھا کہ لائسنس میں مزید 20 سال 20 جولائی 2043 تک توسیع کی جائے، کے الیکٹرک نے کہا کہ وہ 34 لاکھ صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے، لائسنس کی تجدید صارفین اور الیکٹرک پاور انڈسٹری کے مفاد میں ہے۔درخواست موصول ہونے کے بعد نیپرا نے تمام اسٹیک ہولڈرز اور شہریوں سے اس پر 14 روز میں رائے طلب کر لی تھی۔