اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف حقائق سامنے آ رہے ہیں، انہیں بھارت اور بعض عالمی قوتوں کی مالی مدد بھی حاصل تھی، چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام کو گمراہ کرنے کی گھناؤنی سازش کی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق قوم کو جو بتایا تھا وہ سامنے آ رہا ہے، ہم نے حقائق کے ساتھ کہا تھا کہ یہ بیرونی ایجنٹ ہے، ہم نے پہلے کہا تھا کہ اس کے یہودی لابی سے رابطے ہیں۔ را، موساد اور بعض عالمی قوتوں کی مالی مدد بھی اس کو حاصل تھی۔مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ایک ہفتہ قبل اقوام متحدہ میں اسرائیل نے پاکستان پر تنقید کی، 75 سال میں اسرائیل نے پہلی بار پاکستان پر تنقید کی اور ناجائز تنقید کی، پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور اسرائیل نے پاکستان کو، پاکستان نے فلسطینی سر زمین پر یہودی بستیاں قائم کرنے کی مخالفت کی تھی، قیام پاکستان کی بنیاد میں فلسطینیوں کے حق میں پاکستان کا مؤقف شامل ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ اسرائیل کا وزیراعظم پہلے خارجہ پالیسی بیان میں کہتا ہے کہ خارجہ پالیسی کی بنیاد ایک نوزائیدہ مسلم ریاست کا خاتمہ ہوگا، لندن میں الیکشن کیلئے یہ اسرائیل کے نمائندے کی حمایت کیلئے جاتا ہے۔فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ خود کو مظلوم بنانے کیلئے چورن بیچا کہ امریکا نے سازش کی، آج اعظم خان بیان دے رہا ہے کہ سائفر ڈرامہ تھا اور میں نے روکا بھی تھا، عجیب عجیب نظریات پیش کرکے اس نے نوجوان ذہن اور عوام کو گمراہ کیا، اب اپنے گھر سے اس کے خلاف گواہی آرہی ہے حقائق کو جھٹلایا نہیں جا سکتا، چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام کو گمراہ کرنے کی گھناؤنی سازش کی، میرا فرض ہے کہ حقائق سے قوم کو آگاہ کروں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم ملک میں ہر نشست پر امیدوار کھڑا کریں گے اور الیکشن لڑیں گے۔