اسلام آباد (کورٹ رپورٹر ) انتخابی اصلاحات کمیٹی نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترامیم پر اتفاق رائے کر لیا۔منگل کو اجلاس کے دور ان کمیٹی نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترامیم پر اتفاق رائے کر لیا،کمیٹی حتمی مسودہ تیار کر کے ارکان کو بھیجے گی،کمیٹی ارکان پارٹی مشاورت سے مسودہ پر اپنی حتمی رائے سے آگاہ کریں گے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ تمام ترامیم پر اتفاق ہو گیا ہے،کاغذات نامزدگی میں کچھ تبدیلیاں کر کے درست کر دیا گیا۔انہوںنے کہاکہ فہمیدہ مرزا کی جانب سے کچھ تحریری تجاویز آئیں گی،ایک دو روز تک مسودہ کا ڈرافٹ ارکان کو بھجوا دیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم پر الیکشن کمیشن آن بورڈ ہے،اچھی قانون سازی کے ثمرات اچھے رویوں کے باعث ہی مل سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ترامیم سیاسی جماعتوں کی وابستگی سے بالاتر ہو کر کی گئی ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ کی سہولت میسر نہیں ہو گی۔انہوںنے کہاکہ یہ بل ایسا نہیں کہ صدر مملکت رکاوٹ بنیں۔