کراچی( کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اس سے زیادہ متوازن بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا تھا۔ سندھ حکومت کا بجٹ عوام دوست بجٹ ہے۔تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے چار سال میں ملکی معیشت تباہ کردی ہے۔ یہ بات آج انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو عام آدمی اور مزدوروں کے مسائل کا اندازہ ہے۔ سندھ کے بجٹ میں تمام طبقوں کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت تعریف کی مستحق ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ٹیم نے شب و روز محنت کے بعد عوام دوست بجٹ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے ایک مزدور کی تنخواہ کم از کم 25 ہزار روپے مقرر کردی ہے۔ تمام فیکٹری مالکان اپنے مزدوروں کو کم از کم 25 ہزار روپے تنخواہ دینے کے پابند ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ کے بجٹ میں تعلیم، صحت، صنعتی ترقی، سڑکوں کی تعمیر، روزگار کی فراہمی اور زراعت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام کے ایک وفد نے قاری محمد عثمان کی قیادت میں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اپنے مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔