کراچی(نمائندہ خصوصی) اردو بازار سمیت مختلف مارکیٹوں میں نویں، دسویں کلاس کی کتابیں تاحال دستیاب نہیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق پبلشرز اور ٹریڈرز سمیت سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے درمیان سرد جنگ برقرار ہے اس دوران اردو بازار سمیت مختلف مارکیٹوں میں نویں،دسویں کلاس کی کتابیں نایاب ہوگئیں ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پبلشرز اور سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے کتابوں کی رائلٹی پر ڈسکاونٹ اور اسٹیکرز کی فراہمی کے ایشوز پر کتابیں مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔پبلشرز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال پر نویں اور دسویں جماعت کی کتابوں پر اسٹیکر لگائے جائیں گے، نجی اسکولز نے تعلیمی سیشن شیدول کے برعکس شروع کردیا تھا جس کے باعث کتابوں کی کمی ہوئی۔پبلشرز کا مزید کہنا ہے کہ کوشش کر رہے ہیں 15 اگست تک نویں دسویں کی تمام کتابیں مارکیٹ میں دستیاب ہوں۔