لاہور(نمائندہ خصوصی) ملک بھر کے بجلی صارفین کے لئے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔کے الیکٹرک اور سی پی پی نے نیپرا میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں الگ الگ درخواستیں دائر کردی۔ منظوری کی صورت میں بجلی صارفین ایک ماہ کیلئے اضافی قیمتیں ادا کریں گے۔کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی فی یونٹ 2روپے 33 پیسے جبکہ سرکاری ڈسکوز کے صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت 1روپے 89 پیسے بڑھے گی۔نیپرا کے الیکٹرک اور سی پی پی اے کی درخواست پر 26 جولائی کو سماعت کرے گا، کے الیکٹرک صارفین پر 4ارب 38کروڑ روپے جبکہ ڈسکوز کے صارفین پر40 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔