کراچی(کرائم رپورٹر ) کراچی پریس کلب کے وفد نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وفد میں سیکریٹری پریس کلب شعیب احمد، جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان، سیکریٹری ممبرز لائژن کمیٹی ثاقب صغیر ،کمیٹی ممبران شاہد انجم ،شاہ میر خان اور سینئر رپورٹر و ممبر کراچی پریس کلب سید محمد عسکری شامل تھے۔ وفد نے صحافیوں کی جبری گمشدگی، جھوٹے مقدمات اور رہزنی کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا ، وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پوچھ گچھ کے لئے صحافیوں کو راستے سے اغوا کرنے اور گھروں سے اٹھانے پر صحافی برادری کو شدید تحفظات ہیں، پولیس اور دیگر اداروں کو صحافیوں سے متلعق شکایات پر پریس کلب کو اعتماد میں لینا چاہیے ، صحافیوں کے ساتھ ہونے والی رہزنی اور ڈکیتیوں کی وارداتوں پر خصوصی ٹیمیں بنا کر مسروقہ مال کی برآمدگی یقینی بنائی جائے، آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے وہ پریس کلب کے ذمہ داران سے رابطے میں رہیں گے اور معاملات کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔وفد نے سید محمد عسکری کی جبری گمشدگی کے واقعہ کی تفتیش کے لئیے آئی جی سندھ کو درخواست بھی پیش کی۔آئی جی سندھ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور پیش رفت سے پریس کلب کے عہدیداروں کو آگاہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال کی بہتر بنانے کے لیے پولیس اپنی کاوشیں کررہی ہے ۔کراچی ایک بڑا شہر ہے ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کوشش کررہے ہیں کہ یہاں کے رہنے والوں کو تحفظ کا احساس ہو۔