کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر ہاﺅس میں انفارمیشن ٹیکنا لوجی کے کورسز میں داخلہ کے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ ٹیسٹ میں 10 ہزار امیدواروں نے شرکت کی، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ان کا استقبال کیا۔ ایم کیو ایم کے کنوینیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال،سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی ، عارف حبیب ، فرخ حمید گوڈیل، سر ضیاءاللہ خان اور گورنر سندھ کے آئی ٹی پروگرام کے سی ای او دانیال ناگوری بھی اس موقع پر موجود تھے، متحدہ عرب امارات، اومان، ایران، بحرین ، قطر، انڈونیشا، ملائشیا، جرمنی ، فرانس اور روس کے قونصل جنرلز، سیاسی و سماجی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاﺅس کو کسی اور نے یونیورسٹی بنانے کا دعوی کیا تھا، اس دعوے کو عملی جامہ آج پہنایا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ یہاں لگائی گئی کرسیاں کسی سیاسی جلسہ کے لئے نہیں بلکہ نوجوانوں کے لئے ہیں، کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ملک کا مستقبل آج یہاں ٹیسٹ دینے کے لئے موجود ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کا چہرہ کلاشنکوف نہیں بلکہ قلم پکڑے یہاں موجود نوجوان ہیں،گورنر سندھ نے کہا کہ کامیاب امیدوار آرٹیفیشل انٹیلی جنس، میٹا ورس اور ویب تھری کی تربیت مکمل کرکے اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں گے، گورنر ہاﺅس مکمل طور پر ایک جامعہ کی شکل میں کامیاب امیدواروں کو تربیت فراہم کرے گا، انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دن سے عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات کرنے کا عزم کیا تھا۔ گورنر سندھ نے آئی ٹی پروگرام میں بھرپور تعاون پر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی کی بدولت یہ آئی ٹی پروگرام شروع ہوسکا ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی میں 300 تندور لگائے جائیں گے جہاں روٹی 2 روپے میں دستیاب ہوگی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یواے ای کے قونصل جنرل کا بہترین کامیاب امیدوار کو نوکری دینے کا وعدہ خوش آئند ہے ، جبکہ پاکستان کے سوفٹ وئیر ہاو¿سز سے متعدد اجلاس کئے ہیں، وہ کامیاب نوجوانوں کو 5 لاکھ کی ملازمت دینے کو تیار ہیں،کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ امید کی گھنٹی اور راشن کی تقسیم کے بعد آج آئی ٹی کورس کے ٹیسٹ کے انعقاد سے عوام کی فلاح و بہبود کا ایک اور منصوبہ شروع ہورہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یہاں آئے ہوئے قونصل جنرلز اور دیگر مہمانان گرامی کا مشکور ہوں، آج ہم سب اس غیر معمولی واقعہ کے عینی شاہد بن گئے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ویب سائٹ سے رجسٹرڈ ہونے والے دیگر امیدواروں کو ان کے ٹیسٹ کی تاریخ سے ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے بھی آئی ٹی ٹیسٹ میں شمولیت کی اور کامیاب ہونے کی صورت میں ناکام ہونے والے کسی ایک طالب علم کو گفٹ کرنے کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں گورنر سندھ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صرف وہ ایسا کرسکتے تھے، انہوں نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا جو عزم کیا ہے اس میں ضرور کامیاب ہوں گے۔سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی ،سر ضیاءاللہ خان، گورنر سندھ کے آئی ٹی پروگرام کے سی ای او دانیال ناگوری نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔