ملتان (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لاہور کی بیٹھک نے دبئی کے فیصلوں پر مہر ثبت کر دی،الیکشن ایکٹ 2017ءمیں سیکشن 9 بہت مبہم ہے، 2 بڑوں میں بات ہو چکی ہے باقیوں کو کچھ معلوم نہیں۔شاہ محمود قریشی نے ضلع کچہری میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، الیکشن ایکٹ 2017ءمیں سیکشن 9 بہت مبہم ہے، 2 بڑوں میں بات ہو چکی ہے باقیوں کو کچھ معلوم نہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وقت بتائے گا کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے، مسلم لیگ ن عدم استحکام کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین کو عدالتوں سے ریلیف ملا ہے، حکومت چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف من گھڑت کیسز بنا رہی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت 90 روز کے انتخابات کو ترجیح دیتے ہوئے نظر آ رہی ہے، اسرائیل کے حوالے سے توڑ مروڑ کر بات پیش کی جا رہی ہے۔پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن نے دینی ہے۔