لاہور (نمائندہ خصوصی ) لاہور سمیت 6شہروں میں 9مئی کے واقعات کے حوالے سے درج مقدمات کی انکوائری رپورٹ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ نے حکومت کو بھجوا دی۔رپورٹ جناح ہاﺅس ، عسکری ٹاور، جی ایچ کیو، پی اے ایف پر حملوں کے مقدمات کی تفتیش پر تیار کی گئی ہے، پراسیکیوشن کی فراہم کردہ چیک لسٹ میں تفتیش میں 208 خامیوں کی نشاندہی کی گئی، پولیس نے پراسیکیوشن کے 97 اعتراضات دور کیے جبکہ 67 اعتراضات جزوی طور پر دور کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پراسیکیوشن کے 24اعتراضات پر تاحال کام جاری ہے، انتہائی اہم 7مقدمات کے 20اعتراضات کی تعمیل تاحال نہیں ہو سکی، لاہور پولیس نے دیگر شہروں کی نسبت مقدمات کی تعمیل اور اعتراضات دور کیے، عسکری ٹاور حملے کی تفتیش میں تمام نقائص دور کر دیئے گئے ہیں۔