راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) اعلیٰ عسکری قیادت نے معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کی ہر ممکن معاونت کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہناہے کہ معروضی تربیت ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا خاصہ ہے اور ہمیں اپنی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آ ف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 258ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔فورم نے دہشت گردی کے خطرے کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں بہادر سپاہیوں کی مسلسل قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جبکہ کانفرنس میں شرکا کو داخلہ سلامتی کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ بھی دی گئی۔کالعدم ٹی ٹی پی اور اس سے منسلک دیگر گروہوں کے دہشت گردوں کو پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں اور کارروائیوں کےلئے آزادی اور دہشت گردوں کو جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی پر افسوس کا اظہار کیا گیا جس سے پاکستان کی سلامتی متاثرہوتی ہے ۔جبکہ پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلوو¿ں پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہناتھا کہ معروضی تربیت ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا خاصہ ہے اور ہمیں اپنی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔ فورم کو حکومت کے اقتصادی بحالی کے منصوبے اور خصوصا نئی تشکیل دی جانے والی سرمایہ کاری سہولت کونسل، زراعت، کان کنی، معدنیات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں فوج کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ کانفرنس کے شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے اقدامات کی عوام کی مجموعی بھلائی کےلئے ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔