اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل انور بھٹی نے ملک دشمن قوتوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا نقشہ نہ کوئی تبدیل کر سکتا ہے اور نہ کبھی مسلم لیگ قیوم یہ ہونے دے گی۔ ملک دشمن قوتوں کو پاکستان کی جغرافیائی سرحدیں تبدیل نہیں کرنے دیں گے، انہوں نے کہا کہ کشمیر، پاکستان کی شہ رگ ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اسے ہم سے الگ نہیں کر سکتی۔ مسلم لیگ قیوم کے رہنما فیصل انور کا کہنا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور خان عبدالقیوم خان کشمیر کے مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے تو قوم کس طرح پیچھے ہٹ سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس کا ایک طیارہ جب سرحد کی حفاظت کے لیے راؤنڈ پر جاتا ہے تو بھارتی فوج چوہے کی مانند اپنی بیرکوں میں چھپ جاتی ہے۔ پاکستان کی امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ورنہ دشمن کو گھس کر کیسے مارنا ہے یہ بات ہم اچھی طرح جانتے ہیں۔
فیصل انور نے کہا کہ مسلم لیگ قیوم اقتدار میں آنے کے بعد بھی کشمیر پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی، مسلم لیگ قیوم ہمیشہ کی طرح تعمیری سوچ کے ساتھ آگے بڑھتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم الزامات کی سیاست اور انتقام کی سوچ کو دفن کر دیں گے تاکہ ہمارا ملک ترقی کر سکے، انکا کہنا ہے کہ ہمارے نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اور انکو روزگار دینا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔
فیصل انور بھٹی نے کہا کہ خان عبدالقیوم خان نے ہمیشہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے۔ آنے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ قیوم اکثریت سے جیتے گی اور قوم خان عبدالقیوم خان کے نظریے کی ہمایت کرے گی۔