سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کی وجہ سے روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا، معیشت مضبوط ہوگی تو قرض سے نجات ملے گی، میرٹ کی پالیسی ہی پاکستان کو عظیم ملک بنائے گی، رواں مالی سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ طالب علموں کو فراہم کئے جائیں گے، کوئی قوم خواتین کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، عوام نے دوبارہ موقع دیا تو ہر طالب علم کو لیپ ٹاپ دیں گے۔ اتوار کو گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ہونہار بچیوں سے مل کر خوشی ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ خواجہ آصف سے میری رقابت گورنمنٹ کالج کے دور طالب علمی سے ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت طالبات کو لیپ ٹاپ کی فراہمی ان کی قابلیت کا اعتراف ہے، یہ کوئی احسان نہیں ہے، میرٹ کو آپ کو یہ لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں اس میں کوئی علاقہ یا سفارش مدنظر نہیں رکھی گئی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو عظیم قوم بنایا جائےگا۔ انہوںنے کہاکہ دنیا نے اسی پالیسی کے تحت عروج حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا منصوبہ 2011 ءمیں شروع ہوا اور میرٹ پر پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کے طالب علموں کو بھی لیپ ٹاپ دیئے گئے۔ انہوںنے کہاکہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب دوسرے صوبوں کے لئے بھی سوچا کیونکہ اسی طرح پاکستان ترقی کرسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا منصوبہ 2022-23ءکا ہے، رواں مالی سال ایک لاکھ مزید لیپ ٹاپ دینے کا منصوبہ ہے، ہم نے خوراک، ادویات اور پیٹرولیم کی درآمد کی اجازت دی، یہ ہماری ترجیحات تھیں، اس کے علاوہ اتنے چیلنجز تھے کہ انڈسٹری سمیت دیگر ضروری خام مال کی درآمدات میں مشکلات تھیں تاہم یہ علم تھا کہ طالب علموں کو مطلوبہ سہولیات فراہم کرنی ہیں اس لئے 45 ملین ڈالر مہیا کرکے یہ لیپ ٹاپ درآمد کئے، ہم نے اپنے طالب علموں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے تو انہیں وظائف سمیت تمام سہولیات فراہم کرنی ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اس سال کے بجٹ میں پانچ ارب روپے مختص کئے ہیں، کوئی قوم خواتین کے بھرپور حصہ کے بغیر ترقی کا سفر طے نہیں کرسکتی اس کیلئے خواتین کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا ہوگی، دنیا میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئندہ ماہ اپنی مدت پوری کرے گی، آئندہ جو بھی حکومت آئے گی وہ تعلیم کے راستہ میں کوئی رکاوٹ نہ آنے دے اگر نواز شریف کی قیادت میں ہمیں موقع ملا تو قوم سے یہ وعدہ ہے کہ تعلیم کے میدان میں 2011ءمیں جوانقلاب شروع کیا تھا اسے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور ہر طالب علم کو لیپ ٹاپ دیں گے۔انہوںنے کہاکہ مسلمان معیاری تعلیمی ادارے نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم کے میدان میں پیچھے رہ گئے، مسلمان اپنے علم کی بدولت میں ماضی میں دنیا پر حاوی تھے، تعلیم میں ترقی کا راز مضمر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ہم نے معاہدہ کیا اس کے نتیجہ میں روپیہ مستحکم ہوا، اس وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا، معیشت مضبوط ہوگی تو قرضے نہیں لینے پڑیں گے، زراعت ، آئی ٹی، ٹیکسٹائل سمیت ہر شعبہ میں ترقی کیلئے بنیادی شرط محنت ہے۔وزیراعظم نے اس موقع پر ہونہار طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے۔تقریب سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔