واشنگٹن (نمائندہ خصوصی )امریکا کے صدر جو بائیڈن نے 8 لاکھ 4 ہزار طلبہ کا 39 ارب ڈالر کا قرضہ معاف کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق محکمہ تعلیم نے اعلان کیا کہ 20 سے 25 سال تک ماہانہ انکم ڈریون ری پیمنٹ کرنے والے طلبہ کے قرضے معاف کردیے جائیں گے۔سیکریٹری تعلیم میگوئیل کارڈونا نے کہا کہ بہت طویل عرصے سے، قرض دار ایک ٹوٹے ہوئے نظام میں موجود خامیوں کی وجہ سے مشکلات میں تھے، یہ نظام حق داروں کا قرضہ معاف کرنے کی درست نشاندہی نہیں کر پا رہا تھا۔سپریم کورٹ نے صدر بائیڈن کی طرف سے سیکڑوں ارب ڈالر کے قرضے معاف کرنے کے منصوبہ کو منسوخ کر دیا تھا جس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ وہ طلبہ کو قرضے میں آسانی فراہم کرنے کیلئے نئے اقدامات کریں گے۔محکمہ تعلیم نے 430 ارب ڈالر کے قرضے فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بنایا ہے جو چند ماہ میں شروع ہوگا۔