کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی کے ایم سی میں پارلیمانی پارٹی کا پہلا اجلاس مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی مئیر سلمان مراد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے خصوصی شرکت کی جبکہ کے ایم سی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نجمی عالم نے اجلاس کی کارروائی چلائی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جو اعتماد کراچی کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر کیا ہے اور جو اعزاز مئیر کراچی کی صورت میں پیپلز پارٹی کو ملا ہے اس کا ہر ممکن کراچی کے عوام کو ان کے مسائل کو حل کرکے فائدہ پہنچایا جائے گا اور کراچی کے عوام کو ان کی تمام بلدیاتی سہولیات کی ان کی دہلیز تم پہنچانے کے لئے کے ایم سی کے ایوان میں قانون سازی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے تمام ارکان اپنا کردار ادا کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ کہ پیپلز پارٹی کے تمام بلدیاتی نمائندے اس بات کو ہر صورت یقینی بنائیں گے کہ عوام نے جس اعتماد کا ہم پر اظہار کیا ہے ہم نہ صرف ان کے اس اعتماد پر پورے اتریں گے بلکہ ماضی میں جن جن سیاسی جماعتوں نے مئیر یا سٹی ناظم بن کر جو کام کئے ہیں اس سے کئی سو فیصد زائد کام کرکے دکھائیں گے۔ مئیر کراچی یا کوئی اکیلا کچھ نہیں کرسکتا ہم سب کو مل کر اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام بلدیاتی نمائندے اس بات کو ہر صورت یقینی بنائیں گے کہ عوام نے جس اعتماد کا ہم پر اظہار کیا ہے ہم نہ صرف ان کے اس اعتماد پر پورے اتریں گے بلکہ ماضی میں جن جن سیاسی جماعتوں نے مئیر یا سٹی ناظم بن کر جو کام کئے ہیں اس سے کئی سو فیصد زائد کام کرکے دکھائیں گے۔ مئیر کراچی یا کوئی اکیلا کچھ نہیں کرسکتا ہم سب کو مل کر اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ عوام اپنے اپنے علاقوں کے منتخب نمائندوں سے توقع وابستہ رکھتے ہیں اور ہم ان کی توقع پر انشاء اللہ ہر صورت پورا اتریں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم نے ٹاؤن اور یوسی کے مابین ایک ربط قائم کرنے کے لئے مستقیل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ کے ایم سی، ٹاؤن اور یوسی کی سطح پر بہتر کوآرڈینیشن قائم ہوسکے۔ انہوں نے کے ایم سی کے تمام منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ کے ایم سی کے ایوان میں محبت اور بھائی چارگی کو فروغ دینے کے لئے اپنے تمام آپسی اختلافات چاہے وہ پارٹی کے ہوں یا دیگر سیاسی جماعتوں سے ان سب کو پش پشت ڈال کر صرف اور صرف کراچی کے عوام کی خدمت کے لئے استعمال کریں۔انہوں نے مئیر کراچی اور پیپلز پارٹی کے کے ایم سی میں پارلیمانی پارٹی کے سربراہ نجمی عالم سے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کی اس پارلیمانی پارٹی کے اجلاس باقاعدگی سے ہر 15 سے 30 دن کے دوران لازمی کریں تاکہ ارکان پارلیمنٹ کے ایم سی کو جو بھی مسائل ہوں وہ اس فورم پر حل کروا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ضلع کی سطح پر بھی کمیٹیاں تشکیل دے گی، جو منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر علاقہ کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کراچی کے مئیر کا بننے کا جو اعزاز ملا ہے وہ بڑی جدوجہد، محنت اور قربانیوں سے ملا ہے، جو کچھ لوگوں سے ہضم نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات کے آغاز سے لے کر مئیر کراچی کے انتخابات تک انتہائی پر امن اور عوامی خدمت کے جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف کسی قسم کی کوئی تشدد کی پالیسی نہیں اپنائی اور ہم نے ہمیشہ امن اور بھائی چارگی کے فروغ اور مل جل کر کام کرنے کی بات کی ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم ایوان میں آئین اور قانون کے مطابق تمام ارکان کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو اعزاز کراچی کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو دیا ہے ہم اس کو محنت اور لگن سے 4 سال تک اس طرح نبھائیں گے کہ آئندہ چار دھائیوں تک کے ایم سی میں پیپلز پارٹی کا نعرہ گونج تا رہتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کے ایم سی کے 17 جولائی کو ہونے والے پہلے اجلاس میں اپنے رویہ اور اپنی باتوں سے ثابت کریں گے کہ کراچی کے عوام نے جو مینڈیٹ ہمیں دیا ہے وہ ان کا درست فیصلہ تھا اور ہم اپنے فیصلوں اور منصوبہ سازی سے اس شہر کراچی کو حقیقی روشنیوں اور تمام مسائل سے پاک شہر بنانے کے عزم کے ساتھ آئیں ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم نے عید الضحیٰ پر شہر بھر میں جو کام کیا اس کو عوام کی جانب سے ہر جانب سے سراہا گیا اور انشاء اللہ ہم محرم الحرام اور آنے والی بارشوں میں بھی اسی طرح ٹیم ورک کے ذریعے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے کوشاں ہوں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی مئیر سلما ن مراد نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے کو بلا رنگ و نسل اور مسلک و مذہب کے عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کے ایم سی کے ایوان میں انشاء اللہ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر عوامی خدمت کے لئے کوشاں ہوں گے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے تمام منتخب نمائندوں کو بھی یقین دلایا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے مسائل کے حل اور عوام کی فلاح و بہبود اور عوام کے بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے بلا تفریق کام کریں اور انتخابات کے دوران چاہے کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ ان کا مقابلہ ہوا ہو ان کے ساتھ بھائی چارگی اور دوستی کی فضا کو قائم کریں اور بلاتفریق تمام علاقوں کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس سے نجمی عالم، کرم اللہ وقاصی، مرزا مقبول، اسلم سموں اور دیگر نے خطاب کیا۔