سرینگر(نمائندہ خصوصی)
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت مظلوم کشمیری عوام کو نشانہ بنانے کے لیے اپنی تحقیقاتی ایجنسیوں کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے سرینگر میں اپنے انٹرویوز اور بیانات میں کہا کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) اور خصوصی تحقیقاتی یونٹ (ایس آئی یو) جیسی بدنام زمانہ ایجنسیاں مقبوضہ علاقے میں روز چھاپے مار رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ان ایجنسیوں کے اہلکار اکثر حریت رہنماؤں ، انسانی حقوق کے کارکنوں ، صحافیوں یہاں تک کہ عام لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارتے ہیں اور بے گناہ لوگوں کی جھوٹے مقدمات میں پھنساتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد بی جے پی کی ہندوتوا پالیسیوں پر نہ چلنے والوں کا قافیہ حیات تنگ کرنا ہے۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا کہ آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جاتے ہیں اور لوگوں کو محض سیاسی نظریات کی بنیاد پر سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتاہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جبر و استبداد کے ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں غیرقانونی گرفتاریوں کا نوٹس لیں۔