کراچی(نمائندہ خصوصی ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پانی کا مسئلہ کراچی والوں کے لیے دردِ سر بن گیا ہے، 50 فیصد آبادی پانی کی عدم فراہمی کے باعث متاثر ہے، جو پانی دستیاب ہے وہ کراچی کے لوگوں کے لیے نہیں ہے، کیوں؟، مرتضی وہاب اور کمشنر کراچی کے راج میں دودھ 230 روپے لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 50 فیصد آبادی پانی کی عدم فراہمی کے باعث شدید متاثرہے، پہلے مخصوص علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر تھی اب ہر جگہ ہے، پانی کا مسئلہ کراچی والوں کے لئے درد سر بن گیا ہے۔حافظ نعیم نے سوال اٹھایا کہ 200 غیر قانونی ہائیڈرنٹس چل رہے ہیں، جو پانی دستیاب ہے وہ کراچی کے لوگوں کے لئے نہیں ہے کیوں؟انہوں نے کہا کہ پانی کے نظام میں کروڑوں روپے کی کرپشن ہے، پیپلز پارٹی براہ راست واٹر بورڈ میں عمل دخل رکھتی ہے، شہر میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے لئے روز مظاہرے ہورہے ہیں۔ کے الیکٹرک کے خلاف کوئی حکومت ایکشن لینے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہاکہ مرتضی وہاب تو صرف ایک چہرہ ہے، پیچھے کام کرنے والے وڈیرے ہیں، مرتضی وہاب اور کمشنر کراچی کے راج میں دودھ 230 روپے لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔