اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ مون سون کے نئے سلسلے کا آغاز ہو رہا ہے جس کی وجہ سے اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختون، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے،مون سون کا یہ نیا سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے،اس دوران تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ جمعرات کو اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ 13 سے17 جولائی کےدوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اورلاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخواہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے،ان علاقوں میں سیاحوں کو بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کی درخواست کی جاتی ہے۔ آندھی، گرج چمک اور شدید بار شوں کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے، سولر پینل، کچے مکانات) کو نقصان پہنچ سکتا ہے، شہریوں سے درخواست ہے احتیاط برتیں۔