اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان فلپائن، ایران اور روانڈا کے ساتھ تجارت، معیشت، سرمایہ کاری، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار فلپائن اور ایران کے نامزد سفیروں اور روانڈا کے نامزد غیر مقیم ہائی کمشنر سے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے انہیں اپنی سفارتی اسناد پیش کیں اور ان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ صدر مملکت نے فلپائن کی نامزد سفیر ماریا سروینٹس سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلپائن کے ساتھ تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں پاکستان اور فلپائن کے درمیان دو طرفہ تجاری اور معاشی تعلقات مزید متنوع بنانے کیلئے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت سے پاکستان کیلئے نامزد ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قائم ادارہ جاتی نظام اور نجی شعبے کے تعاون سے اقتصادی روابط کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ موجودہ ادارہ جاتی نظام مضبوط بنانے اور بارڈر مارکیٹس فعال کرنے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت سے پاکستان میں روانڈا کے نامزد ہائی کمشنر جیمز کیمونیو نے بھی ملاقات کی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے روانڈا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے کاروباری برادریوں کو دورے کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ روانڈا کے تاجرمختلف مصنوعات کی درآمد کیلئے پاکستانی مارکیٹ کا جائزہ لیں۔ صدر مملکت نے پاکستان کیلئے نامزد سفرا کو تقرری پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نامزد سفراءدوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔