کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کو گرانٹ دینے کی روایت برقرار رکھی جائے گی اور اس میں اضافہ بھی کریں گے،کراچی پریس کلب میں ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے اور جمہوریت کی آواز اور اس کے حقوق کی پاسداری کی ہے، کراچی پریس کلب کی روایات شاندار ہیں اور مجھے امید ہے کہ کراچی پریس کلب جمہوریت کی توانا اور مضبوط آواز رہے گا، کراچی پریس کلب سے گہرا تعلق ہے صحافی کا بیٹا ہونے کے ناطے یہ ادارہ میرے گھر کی طرح ہے، 75 سال کے مسائل 75 دن میں حل نہیں ہوسکتے جو ادارے میرے پاس ہیں ان میں بہتری لانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، عملی تبدیلی کے لئے کچھ وقت درکار ہے، کوشش ہوگی کہ اگلے چار سال شفاف اور منصفانہ انداز میں معاملات کو چلائیں، جو وعدہ کروں گا اسے وفا کرنے کی کوشش ہوگی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کوڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر پریس کلب کے عہدیداران اور ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ،نائب صدر مشتاق سہیل،سیکرٹری شعیب احمد،جوائنٹ سیکرٹری اسلم خان،خازن احتشام سعیدقریشی،گورننگ باڈی کے ارکان ذوالفقار راجپر،کلثوم جہاں،رمیز وہرا،سابق صدر امتیازخان فاران، ،سابق سیکرٹری مقصودیوسفی ،رفعت سعید، حنیف اکبر، سلیمان سعادت خان ، شاہد مصطفی،فرید عالم سمیت پریس کلب کے ممبران اور صحافیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پرمیئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو کراچی پریس کلب کی جانب سے اجرک، ٹوپی اور پھول پیش کئے گئے، میئر کراچی نے پریس کلب کے مختلف شعبوں کا دورہ کیااور بعدازاں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب کو گرانٹ دینے کی روایت برقرار رکھی جائے گی اور اس میں اضافہ بھی کریں گے، صحافیوں سے پورے شہر میں پارکنگ فیس نہیں لی جائے گی میں اس فیس کو صحافیوں کے لئے ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، صحافی مسائل کی نشاندہی کریں ہم انہیں حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے، عیدالاضحی پر آلائشیں اٹھانے کے آپریشن میں کامیابی صرف میئر کراچی کی نہیں بلکہ کراچی کی پوری انتظامیہ کی کامیابی تھی، واٹر بورڈ کے مختلف اداروں پر 50 ارب روپے کے واجبات ہیں جنہیں وصول کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ کراچی میں پانی و سیوریج کے مسائل حل کئے جاسکیں، آج وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام ٹانز کے چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کے ساتھ اجلاس کیا ہے اور انہیں یقین دلایا ہے کہ ان کے مسائل منصفانہ انداز میں حل کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ شہر میں ترقی کا عمل جاری رکھنے کے لئے رواداری، محبت اور بھائی چارگی کا جذبہ برقرار رہنا چاہئے، پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی کے میئر کو اربن سائیڈ سے ڈپٹی میئر کو دیہی سائیڈ سے منتخب کیا ہے اور اس کا مقصد پورے شہر کی نمائندگی کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سے غلطی ہوسکتی ہے لیکن بددیانتی نہیں ہوگی، کراچی پریس کلب میں ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے اور جمہوریت کی آواز اور اس کے حقوق کی پاسداری کی ہے، کراچی پریس کلب کی روایات شاندار ہیں اور مجھے امید ہے کہ کراچی پریس کلب جمہوریت کی توانا اور مضبوط آواز رہے گا، بعدازاں کراچی پریس کلب میں بڑی تعداد میں موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے مختلف مسائل کے حل پر روشنی ڈالی اور یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ ان کے حل کے لئے جدوجہد اور شہریوں کی خدمت کریں گے، انہو ں نے کہا کہ پریس کلب سے سیاسی کارکن کا تعلق بڑا گہرا ہوتاہے،کوشش رہی ہے کہ آپ لوگوں کے ساتھ مضبوط روابط قائم رہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا پیروکار ہوں، ہم چاہیں گے کہ آپ تنقید کریں لیکن اچھے کام کی نشاندہی بھی کی جائے، انہوں نے کہا کہ میں ماضی میں کے ایم سی کا ایڈمنسٹریٹر رہا ہوں، اب پیپلز پارٹی بلدیہ عظمی کراچی میں آگئی ہے آپ کے کچھ مسائل حل ہوچکے ہیں باقی مسائل بیٹھ کر حل کریں گے، بلدیہ عظمی کراچی کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس وقت پانی ایک بڑا مسئلہ ہے جسے حل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں، میں جہاں بھی جاتا ہوں ڈپٹی میئر میرے ساتھ ہوتے ہیں، ہم اکٹھے ساتھ چل رہے ہیں اور میری کوشش ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں، کے ایم سی بلڈنگ میں تاریخ میں پہلی بار مختلف جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس ہوا تاکہ مستقبل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ اس شہر کی خدمت ہم اور آپ مل کر کریں گے، کوشش کریں گے کہ اس منصب کے ساتھ وفا کریں، شہر سے نفرت کی سیاست کا خاتمہ کریں گے اور شہریوں کے مسائل حل کریں گے۔اس موقع پرکراچی پریس کلب کے صدر سعیدسربازی اور سیکرٹری شعیب احمدنے کہاکہ پریس کلب کی ہائوسنگ اسکیم ہاکس بے 42میں پانی کے کنکشن کے مسائل ہیں اورگزشتہ سالوں میں کے ایم سی کی جانب سے پریس کلب کوخصوصی گرانٹ دی جاتی رہی ہے اس گرانٹ میں اضافہ کرکے جاری کی جائے۔انہوں نے کہاکہ میئرکراچی اور ڈپٹی میئرکے اباواجدادکراچی پریس کلب کے ممبرہیں،امیدہے کہ میئراور ڈپٹی میئرپریس کلب کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حال کریں۔