اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ، باہمی مفاد کے معاملات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی جمہوریہ چین کی ناظم الامور پانگ چنکسو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 102 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور پاکستان کی یکجہتی، سالمیت اور اقتصادی ترقی کےلئے کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئرن برادرز اور پرانے دوست ہونے کے ناطے پاکستان اور چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کاساتھ دیا ہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی کیانگ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے چین کی قیادت کے پختہ عزم کو سراہا۔ پاکستان اور چین کے تعلقات میں بہتری اور اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو وسعت دینے کے حوالے سے وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان عالمی ترقیاتی اقدام ا ور سی پیک کے تحت ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔