لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی سے جیل میں ملاقات کی ، پرویز الٰہی کے صاحبزادے راسخ الٰہی اور ان کی فیملی نے بھی ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کی عدالت میں پیشی سے قبل مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے جیل میں جا کر پرویز الٰہی سے ملاقات کی ہے، یہ ان کی پرویزالٰہی سے تیسری ملاقات تھی ۔بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور خصوصاًخاندان میں واپسی کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق پرویز الٰہی پی ٹی آئی چھوڑنے کو تیار ہیں لیکن مونس الٰہی نہیں مان رہے ہیں۔پرویزالٰہی کے ذرائع کے مطابق خاندانی معاملات کی وجہ سے مونس الٰہی ہی اعلان کریں تو بہتر ہے۔ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کی ملاقات کے دوران مونس الٰہی سے فون پر رابطے کی کوشش بھی کی گئی تاہم رابطہ نہیں ہو سکا۔علاوہ ازیں چوہدری پرویز الٰہی سے کیمپ جیل میں ان کے صاحبزادے راسخ الٰہی اور ان کی فیملی نے بھی ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہی ۔