لاہور ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ انتخابات کی تیاری کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی ہے،چیف آرگنائزر مریم نواز کی وطن واپسی پر سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ہدایت پر پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کو اپنے حلقوں میں کارنر میٹنگ شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ (ن) لیگی رہنماﺅں کی اتحادی جماعتوں کے رہنماو¿ں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا جبکہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ پارٹی کے قائد نواز شریف خود کریں گے۔مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز پاکستان بھر میں انتخابی مہم میں شروع کریں گی ،ذرائع کے مطابق چیف آرگنائزر مریم نواز پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے شہروں میں پارٹی جلسوں سے خطاب کریں گی، پارٹی کے سینئر رہنما مریم نواز کے ہمراہ پارٹی جلسوں میں شرکت کریں گے۔آئندہ انتخابات میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلنے اور (ن) لیگ کے یوتھ ونگ کومزید فعال کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔